دنیا میں صحافیوں کیلئے سب سے خطرناک ملک

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 01, 2017 | 20:13 شام

برسلز (شفق ڈیسک) 2016ء میں دنیا بھر میں کْل ایک سو بائیس صحافی مارے گئے۔ ان میں سے ترانوے صحافی اور میڈیا کارکنوں کو ہدف بنا کر قتل کیا گیا جبکہ انتیس صحافی دو مختلف فضائی حادثوں میں ہلاک ہوئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کیمطابق یہ بات صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے سال 2016ء کیلئے جاری کردہ اپنی سالانہ رپورٹ میں بتائی۔ اس رپورٹ کیمطابق رواں برس دنیا کے مختلف ملکوں میں مارے جانیوالے مجموعی طور پر 122 نامہ نگاروں، پریس فوٹو گرافروں اور ذرائع ابلاغ سے تع

لق رکھنے والے دیگر پیشہ ور کارکنوں میں سے 93 مختلف بم دھماکوں اور تنازعات کے شکار علاقوں میں متحارب فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے جبکہ باقی 29 صحافی دو ہوائی جہازوں کی تباہی کے واقعات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آئی ایف جے کی اس رپورٹ کیمطابق گزشتہ برس باقاعدہ نشانہ بنا کر ہلاک کئے جانیوالے صحافیوں کی مجموعی تعداد 112 رہی تھی جبکہ اس سال یہ تعداد 100 سے کم یعنی 93 رہی۔ عراق دنیا کا وہ واحد ملک تھا، جو صحافیوں کیلئے سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا۔ 2016ء میں عراق میں کْل 15 صحافی مارے گئے۔ اس رپورٹ کیمطابق عراق کے بعد افغانستان صحافیوں کیلئے دنیا کا دوسرا سب سے پرخطر ملک ثابت ہوا، جہاں اس سال مارے جانیوالے صحافیوں کی تعداد 13 رہی۔ اسکے علاوہ میکسیکو میں بھی اس سال 11 صحافی مارے گئے۔ اسی سال دنیا کے جن دیگر ممالک میں سب سے زیادہ صحافی مارے گئے، ان میں یمن، گوئٹے مالا، شام، پاکستان اور بھارت کے نام نمایاں ہیں۔ یمن، گوئٹے مالا اور شام میں آٹھ آٹھ صحافی جبکہ پاکستان اور بھارت میں پانچ پانچ صحافی مارے گئے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے صدر فیلیپ لرْوتھ کیمطابق اس سال ٹارگٹ بنا کر قتل کئے جانیوالے صحافیوں کی تعداد اگرچہ گزشتہ برس کے دوران ایسی ہلاکتوں کے مقابلے میں کم رہی تاہم میڈیا کارکنوں کے خلاف تشدد کے ہلاکت خیز استعمال میں معمولی کمی کے باوجود یہ حقیقت تاحال بہت پریشان کن ہے کہ میڈیا کارکنوں کی سلامتی کے حوالے سے موجودہ بحرانی حالات کے خاتمے کی مستقبل قریب میں بھی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ اس سال دو مختلف فضائی حادثات میں جو 29 دیگر صحافی مارے گئے، ان میں سے برازیل کے 20 صحافی کولمبیا میں تباہ ہونیوالے ایک مسافر ہوائی جہاز میں سوار تھے جبکہ ایک دوسرے ائر کریش میں نو روسی میڈیا کارکن اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ ایک طیارے میں سوار شام جا رہے تھے۔