جکارتہ(مانیٹرنگ)انڈونیشیا میں فضائیہ کا ٹرانسپورٹر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے میں سوار 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ طیارہ اتوار کی صبح ایک تربیتی مشق کے دوران پاپوا کے علاقے میں ایک پہاڑ سے جا ٹکرایا،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا کی فضائیہ کا سی 130 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں طیارے کے عملے سمیت تیرہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام کے مطابق طیارہ پاپوا کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کا حادثے سے قبل کنٹرول ٹاور سے رابطہ بھی بحال نہ ہوسکا تھا۔ طیارے میں تین پائلٹس، آٹھ ٹیکنیشن، ایک نیویگیٹر اور ایک فوجی افسر سوار تھے۔ حادثے سے قبل علاقے میں خراب موسم سے متعلق پیش گوئی نہیں کی گئی تھی۔ طیارہ گرنے سے قبل متعدد بار بادلوں میں اندر باہر ہوتا رہا۔
انڈونیشیا فضائیہ کے حکام کے مطابق طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے، جب کہ تمام لاشین بھی ملبے سے برآمد کرلی گئیں ہیں۔ ہرکولیس سی۔130 مال بردار طیارے نے ٹیمیکا سے اڑان بھری اور اپنی منزل وامینا سے کچھ ہی دیر پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔
تلاش اور امداد کی سرکاری ایجنسی کے عہدیدار ایوان احمد رسکی ٹیٹوس کا کہنا ہے کہ جہاز کا ملبہ لیسووا پہاڑ پر بکھرا پڑا ہے جہاں مرنے والوں کی لاشوں کو وامینا منتقل کر دیا گیا ہے۔
اپوا انڈونیشیا کے انتہائی مشرق میں ایک دور افتادہ اور پہاڑی خطہ ہے اور یہاں زمینی راستے سے آمدورفت بسا اوقات ناممکن ہونے کی وجہ سے فضائی ذرائع نقل و حمل استعمال کیے جاتے ہیں۔
انڈونیشیا میں فضائی سفر کا ریکارڈ کچھ اتنا اچھا نہیں اور صدر جوکو ویدودو نے گزشتہ سال عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ فضائیہ کے عمر رسیدہ طیاروں کی بابت جائزہ لیں گے۔گزشتہ سال فضائیہ کا ایک مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نومبر میں انڈونیشیا کے ملٹری ہیلی کاپٹر ےکے حادثے میں تین فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔