وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کلبھوشن کے معاملے پر غور نہیں ہوا،وزیر اطلاعات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 13, 2017 | 04:57 صبح

اسلام آباد (مانیٹرنگ) وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2017ء اور 6 سال بعد نئے گیس کنکشنوں پر عائد پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی ہے۔گیس کنکشنز پر عائد پابندی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی تجویز پر ختم کی گئی ہے جبکہ کم آمدنی والے طبقات کیلئے ہائوسنگ سکیم شروع کرنے کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ وضع کرنے کے لئے وزیر ہائوسنگ و تعمیرات کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کردی ہے جو 10روز کے اندر تفصیلی منصوبہ وضع کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔منصوبہ بندی و ترقی،ریلوے اور سیفران کے وزراء ک

میٹی کے رکن ہوں گے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وزیراعظم نے حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کی ہدایات کی۔ انہوں نے گزشتہ سال بہتر حج انتظامات پر وزارت مذہبی امور کی کوششوںکو سراہا۔ انہوںنے حج اخراجات کا ازسرنو جائزہ لینے اور نظرثانی شدہ اخراجات آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو رہائشی سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے، ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ملک بھر میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔ حکومت رہائشی سہولیات کے حوالے سے غریب طبقے کو سہولت فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔ این این آئی کے مطابق کابینہ نے ہزاروں کنٹریکٹ سرکاری ملازمین کو مستقل کرنے کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کم اور متوسط آمدنی کے لوگوں کیلئے مختلف رہائشی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کراچی اور لاہور کے ائرپورٹ کی نجکاری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ہائوسنگ کے شعبہ کے حوالے سے گورننس اور مالیاتی امور، منصوبہ بندی ، اراضی اور رہائش ، قدرتی آفات سے بچائو اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں موجودہ حکومت کے دوران گیس کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشن اور کوآرڈینیشن ڈویژن کی طرف سے مجوزہ بارکوڈنگ قواعد کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان کے محکمہ موسمیات اور سلطان قابوس یونیورسٹی اومان کے درمیان سونامی پیشگی اطلاعی نظام کے حوالے سے تکنیکی تعاون، پاکستان محکمہ موسمیات اور فرانس کے محکمہ موسمیات کے درمیان موسمیاتی شعبہ میں تعاون کی منظوری دی۔ کابینہ نے کینیا اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے بارے میں ایم او یو کے مسودے پر بات چیت کی اصولی منظوری دی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور جنیوا سینٹر فار سکیورٹی پالیسی سوئٹزر لینڈ کے درمیان تحقیق اور معاون سرگرمیوں کے شعبے میں سٹیٹمنٹ آف انٹینٹ پردستخط، جمہوریہ چیک کی وزارت دفاع اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان دفاعی صنعت اور لاجسٹک کے شعبہ میں تعاون سے متعلق ایم او یو کے مسودے پر بات چیت شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں پاکستان اور کیوبا کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا استثنیٰ‘ وزارت داخلہ اور ناروے کی وزارت انصاف و پبلک سکیورٹی کے درمیان انسداد جرائم کے شعبہ میں تعاون کے بارے میں بات چیت شروع کرنے کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے پاکستان اور اردن کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا استثنیٰ کے بار ے میں بات چیت کے مسودے پر دستخط کی منظوری دی۔ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان سفارتی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزہ استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو اور چین کی وزارت برائے نگرانی کے درمیان انسداد بدعنوانی کے شعبہ میں تعاون کو تقویت دینے کے لئے مفاہمت کی یادداشت کی بھی توثیق کی گئی ۔ کابینہ نے تھائی لینڈ کے ساتھ زرعی تعاون کے بارے میں کائونٹر ڈرافٹ ایم او یو پر بات چیت شروع کرنے اور تبادلہ کی اصولی منظوری دی ۔ اجلاس میں رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے درمیان منشیات سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لئے نظام وضع کرنے کے بارے میں تعاون کی یادداشت پر بات چیت کے آغاز کی اصولی منظوری دی گئی ۔کابینہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان صحت و طب کے شعبہ میں ایم او یو پر دستخط کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے ہیلتھ سروسز ، میڈیکل ایجوکیشن ، ریسرچ ، ڈرگ اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبہ میں باہمی تعاون کے لئے ایران اور پاکستان کے درمیان ایم اویو پر دستخط کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے جعلی اور زائد المیعاد ادویات کی روک تھام کیلئے پہلی مرتبہ کوڈنگ سسٹم متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔ بعدازاں وزیراعظم نوازشریف نے وزارت ہائوسنگ کی نئی ہائوسنگ پالیسی کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر شہری کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے ایسی حکمت عملی بنائی جائے کہ ہر شخص اپنا مکان حاصل کرسکے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ملک بھر میں مکانات کی طلب پوری کر نے کے لئے فوری طور پر متعلقہ وزارت مئوثر اقدامات کرے۔ وزیراعظم نوازشریف نے وزیر ہائوسنگ کی سربراہی میں ہائوسنگ کے امور سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی بھی قائم کردی جس میں منصوبہ بندی و ترقی ریلوے اور سیفران کے وزراء وزیراعظم کے سیکرٹری ، سیکرٹری خزانہ ،سٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کے نمائندے کمیٹی کے رکن ہوں گے یہ کمیٹی 10روز میں اپنی رپورٹ تیار کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

کلبوشن کے حوالے سے حکومتی سوچ اس وقت سامنے جب وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر اجلاس میں غور نہیں ہوا ،انہوں کہا کہ  بھارتی جاسوس کلبھوشن سے کی گئی تحقیقات سے انٹرنیشنل فورمزکوآگاہ کیا جاتا رہا، قومی مفاد پرکسی بھی ملک سے کسی قسم کی دھمکی کو قبول نہیں کیا جائیگا اور قومی مفاد پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چودھری نے کہاکہ کوئی بھی غیرملکی جاسوس پاکستا ن میں آکرایساکرے گا تو اس کی بھی یہی سزا ہوگی اور اس کا یہی انجام ہو گا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد بجٹ سے پہلے 50 ہزار کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین مستقل ہوجائینگے۔