انسان کو جلد ہی بوڑھا کر دینے والی عادات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 20, 2017 | 17:03 شام

کیلیفورنیا (شفق ڈیسک) اگر تو آپ قبل از وقت یا جلد بڑھاپے سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو اپنی ایک بہت عام مگر انتہائی نقصان دہ عادت کو ترک کر دیں۔ یہ بات امریکہ میں ہونیوالی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں بہت زیادہ بیٹھنا آپ کو قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنا دیتا ہے۔ یہ پہلے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا متعدد امراض جیسے موٹاپے، امراض قلب، ذیابیطس، کینسر یہاں تک کہ قبل از وقت موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ مگر یہ پہلی بار سامنے آیا

ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھنا انسانی جسم کی عمر پر بھی منفی انداز سے اثرات مرتب کرتا ہے۔ تحقیق کے دوران ڈیڑھ ہزار معمر خواتین کے خون کے نمونے لئے گئے اور انکے ٹیلومیئرز (ڈی این اے کے کروموسوم کا مرکز) کا جائزہ لیا تاکہ جانا جا سکے کہ خلیات کتنی عمر کے ہو چکے ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو خواتین اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی عادی ہوتی ہیں انکی جسمانی عمر 50 سے 60 سال کی عمر میں ہی 80 سال کی خاتون کے برابر ہو چکا ہے۔ تحقیق کیمطابق دن بھر میں دس گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک بیٹھنا ٹیلومیئرز کی لمبائی کم کرتا ہے اور جسمانی عمر تیزی سے بڑھنے لگتی ہے۔ آسان الفاظ میں اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا آپ کو برسوں پہلے بوڑھا کرسکتا ہے، اس کے مقابلے میں دن میں کم از کم ایک سے دو گھنٹے تک جسمانی طور پر سرگرم رہنا اس خطرہ کو ٹالتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ تو واضح نہیں کہ کتنی جسمانی سرگرمی بیٹھنے کے اثرات کو زائل کرنے میں مدد دیتی ہے مگر یہ واضح ہے کہ وہ ایک سے دو گھنٹے سے کم نہیں ہونی چاہئے۔ یہ تحقیق طبی جریدے امریکن جرنل آف ایپیڈیمیولوجی میں شائع ہوئی۔