کریم آغا خان کی رہائش گاہ پر چھٹیاں گزارنے پر وزیراعظم کیخلاف تحقیقات

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 18, 2017 | 09:59 صبح

 

ٹورنٹو (مانیٹرنگ) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹْروڈو کیخلاف اسماعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا آغا خان کی ذاتی رہائش گاہ پر چھٹیاں گزارنے پر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ جسٹن ٹْروڈو اور ان کی فیملی سال نو پر بہامس میں آغا خان کی رہائش گاہ پر مہمان تھی۔ کینیڈا کی فیڈرل ایتھکس کمشنر میری ڈاسن اس بات کا جائزہ لیں گی کیا اس دورہ کی وجہ سے قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹْروڈو نے اس حوالے سے کہا کہ وہ ہر قسم کے ’سوالات کے جوابات دینے کیلئے خوش اور تیار ہیں‘۔ ٹروڈو نے اپنی چھٹیاں گزارنے کا سکینڈل منظرِ عام پر آنے کے بعد ان چھٹیوں کی تمام معلومات فراہم کرنا شروع کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے آغا خان کا ذاتی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا۔ ’سال نو پر وہاں رہائش اختیار کرنا ان کی ذاتی چھٹیوں کے سلسلے میں تھا۔‘ واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے قریبی خاندانی دوست ہیں۔