بلاک شناختی کارڈوں کی بحالی کے لیے درکار کوائف پر مبنی فارم تیارکیا جائے : ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 23, 2017 | 20:37 شام

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ )ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی صد ارت میں بلاک شدہ شناختی کارڈز سے متعلق قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نیشنل ڈیٹا بیس ریگولیٹری اتھارٹی(نادرا) کے ہیڈ آفس ،اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بلاک شدہ قومی شناختی کارڈوں کی تصدیق اور بحالی سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مقصدبلاک شدہ کارڈوں کی تصدیق کے لیے ایک جامع پالیسی واضح کرنا ہے جس کے تحت شفاف

طر یقے سے بلاک شدہ قومی شناختی کارڈوں کی جانچ پڑتال کوجلد ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک ہیں ان کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے اس لیے ضروری ہے کہ وہ افراد جو پاکستانی شہری ہیں اور ان کے قومی شناختی کارڈ بلا ک ہیں ان کے شناختی کارڈوں کے تصدیق کے عمل کو جلد مکمل کر کے انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ نادراشناختی کارڈہولڈزکی تصدیق کے لئے آسان اورجامع طریقہ اپنائے۔ انہوں نے نادراکو بلاک شدہ شناختی کارڈ وں کی تصدیق کے عمل کوتیز کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے بلاک شدہ شناختی کارڈوں کے لیے درکار کوائف پر مبنی فارم تیار کرنے کی ہدایت کی جو درخواست گزا ر وں کو نادرا کے مقامی دفاتر میں دستیاب ہو نگے اوروہیں پر جمع ہونگے اور متعلقہ عملہ مقر رہ مدت کے اندر ان کی جانچ پڑتال کر کے بلاک شدہ شناختی کارڈ کی عارضی بحالی یا منسوخی کا فیصلہ کریگا۔ قبل ازیں چیئرمین نادرا نے بلاک شدہ شناختی کارڈوں کی بحالی کے لیے کمیٹی کو نادرہ کی طرف سے بنائی جانے والی مجوزہ پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین نادرانے بلاک شدہ شناختی کارڈوں کی بحالی کے لیے کمیٹی کومجوزہ طریقہ کاراور درخواست گزاروں کے لیے نادرہ کی طرف سے تیار کردہ کوائف فارم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس وقت ملک بھر میں مجموعی طور پر 345,510 شناختی کارڈ بلاک ہیں جن کی تصدیق کاعمل جاری ہے۔ کمیٹی نے بلاک شدہ شناختی کارڈوں کی تصدیق کے عمل کو جلد مکمل کرنے اور عوام کی آسانی کے لیے نادرا کے ضلعی سطح پر قائم دفاتر میں بلاک شدہ شناختی کارڈوں کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔