کراچی(مانیٹرنگ)مولا بخش چانڈیو نے ایک بار پھر کپتان کو تنقید کی زد پر رکھ لیا، کہتے ہیں تبدیلی انگلی سے نہیں، عوام کی مدد اور سیاسی اتحاد سے ہی آئے گی، پی ٹی آئی چیئرمین راولپنڈی کے مدبر کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے، ان کی گفتگو سیاسی اتحاد میں بھی رکاوٹ ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کپتان پر وار بھی کئے اور غصے کا اظہار بھی کیا۔ چانڈیو نے پی ٹی آئی چیئرمین کو کسی کے مشورے پر چلنے کا طعنہ دیا، تبدیلی کیسے آئے گی؟ یہ بھی بتا دیا۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان راولپنڈی کے مدبر کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے، تبدیلی انگلی سے نہیں، عوام سے آئے گی۔ مشیر اطلاعات سندھ نے عمران خان کی گفتگو کو اپوزیشن اتحاد میں رکاوٹ کی وجہ بتایا، ساتھ ہی ساتھ دھاندلی کے خلاف ڈٹ جانے کا عزم بھی دہرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زبان اتحاد میں رکاوٹ ہے، ایک صوبے کو دھاندلی کر کے الیکشن نہیں جیتنے دیں گے۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے تیاری کر لی، قیادت جب بھی اعلان کرے گی تحریک کیلئے نکل پڑیں گے۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی نے عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کے اعلان کا خیرمقد م کیا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے امید ظاہر کی ہے کہ کپتان اس فیصلے سے یوٹرن نہیں لیں گے۔