چین دنیا بھر سے گدھے کیوں خرید رہا ہے؟
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 07, 2016 | 03:30 صبح
بیجنگ (شفق ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین میں گدھوں کی تعداد صرف 60 لاکھ رہ گئی ہے جس کی وجہ سے وہاں دنیا بھر سے گدھے خریدنے کا رجحان پایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کےمطابق چین نے متعدد افریقی ممالک سے اتنی کثیر تعداد میں گدھے خریدے ہیں اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے افریقی ملک نائیجر اور بورکینا فاسو نے چین کو گدھوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال افریقی ملک نائیجر سے چین کو تقریبا 80 ہزار گدھے برآمد کئے گئے تھے۔ چینی مارکیٹ کو پورا کرنے کے چکر میں بعض افریقی ممالک میں گدھوں کی قلت پیدا ہو گئی۔ نائیجر اور بورکینا فاسو نے چین کو گدھوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کواتنی بڑی تعداد میں گدھوں کو خریدنے کی ضرورت اس لئے پیش آ رہی ہے۔ کیونکہ اس کے اجزاءادویات سازی میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ ان ادویات میں جیلاٹن قابل ذکر ہے۔ اس کے علاوہ گدھوں کے اجزاء سے جو چینی ادویات تیار کی جاتی ہیں ان میں بلڈ پریشر کی ادویات بھی شامل ہیں۔ چینی ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوا سازی کی صنعت کے فروغ کے لئے ملک میں گدھوں کی قلت کے بحران کو حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ گدھے پالنے والوں کے لئے معاونت پیش کر کے انہیں سپورٹ کرے۔