چین نے پاکستان کو بڑی گارنٹی دیدی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 28, 2016 | 17:09 شام

بیجنگ (شفق ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی مکمل تکمیل کیلئے ہر طرح سے پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچھون اینگ نے بدھ کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ سی پیک منصوبوں کی مکمل عمل داری کیلئے پاکستان کبساتھ کھڑے ہیں۔ سی پیک منصوبوں کی تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان کبساتھ مل کر کام کرتے رہینگے۔ بیجنگ میں دونوں ممالک کے مابین سی پیک کے حوالے سے ہونیوالے مذاکرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الوقت اس ملاقات کے بارے میں تفصیلات موجود نہیں ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے حوالے سے ہم اپنا نقطہ نظر متعدد مواقعوں پر بیان کر چکے ہیں۔ سی پیک دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کا ایک فریم ورک ہے جسکی مدد سے ون بیلٹ ون روڈ کے تحت پاکستان اور چین کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ یہ منصوبہ صرف چین اور پاکستان کو معاشی اور سماجی طور پر فوائد فراہم نہیں کریگا بلکہ علاقائی رابطہ سازی، معاشی اور تجارتی تعاون میں بھی کارآمد ہو گا۔ سی پیک نے پاکستان میں تمام طبقہ ہائے فکر کی جانب سے کثیر حمایت حاصل کی ہے۔ انہوں نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کا ایسے ہتھیاروں کے استعمال بارے موقف واضح اور مستقل ہے ہم کسی بھی طرح کی صورتحال میں کسی بھی فریق کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل برطانیہ اور فرانس کی جانب سے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے تجویز کئے جانیو الے ڈرافٹ پر غور کر رہی ہے۔