آپ کے شہر میں مردم شماری کب ہوگی؟۔۔۔۔ تفصیلات اس خبر میں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع فروری 04, 2017 | 10:31 صبح
اسلام آباد(مانیٹرنگ رپورٹ) ملک میں انیس سال بعد 15مارچ سے شروع ہونے والی چھٹی مردم شماری کا شیڈول جاری کردیا گیا۔حکومت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک کے 147میں سے 62اضلاع میں پہلے اور85اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔فاٹا کی ایک ایجنسی میں پہلے اور 6ایجنسیوں میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔شیڈول کے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے 8اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 21اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔
پنجاب کے لاہور، جھنگ، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت 15اضلاع میں پہلے جبکہ باقی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے پشاور سمیت 13اضلاع میں پہلے جبکہ 11اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔شیڈول کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 15اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 17اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔آزاد جموں و کشمیر میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5اضلاع میں مردم شماوری ہوگی۔اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔ مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15مارچ کو شروع ہو کر 15اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25اپریل سے شروع ہوکر25مئی کو ختم ہوگا۔ مردم شماری کے ابتدائی نتائج مردم شماری مکمل ہونے کے دو ماہ بعد تک تیار کر لیے جائیں گے۔