نویں عالمی اردو کانفرنس کا کراچی میں آغاز
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 01, 2016 | 19:54 شام
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): نویں عالمی اردو کانفرنس کا آرٹس کونسل آف پاکستان میں آج سے آغاز ہوگیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔نویں سالانہ اردو کانفرنس 4 دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گی۔آرٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری احمد شاہ کے مطابق 4 دن کے دوران 25 مختلف ادبی نشستوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ادب، زبان، تاریخ، فلم، ڈرامہ، تھیٹر اور موسیقی سمیت مختلف موضوعات پر اعلیٰ علمی شخصیات کی جانب سے مقالہ جات پیش کیے جائیں گے۔روز کے سیشن فیض کی گفتگو اور ان کی شاعری پر مشتمل ہیں۔رواں برس کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، ڈنمارک، فن لینڈ اور مصر سے تعلق رکھنے والے اردو ادیب شرکت کر رہے ہیں البتہ اس سال بھارت سے کسی نے شرکت نہیں کی۔احمد شاہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی ادیبوں کو ویزے جاری کیے گئے تاہم بھارتی وزیر اعظم مودی کی انتہا پسندی کے باعث بھارتی ادیب کانفرنس میں شرکت سے گریزاں نظر آئے۔کانفرنس میں ایک تھیٹر گروپ مشتاق احمد یوسفی کی کہانی ’حویلی‘ کو پیش کرے گا جبکہ کانفرنس کے آخری سیشن سے قبل انور مقصود شائقین کو ’خدا حافظ‘ نامی شو سے محظوظ کریں گے۔