کریش لینڈنگ سے جہاز تباہ مسافروں کی جان بچ گئی،کئی زخمی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 19, 2016 | 18:49 شام

ماسکو(مانیٹرنگ)روس میں طیارے نے کریش لینڈنگ کی جس کے نتیجے میں بعض مسافر معمولی جب کہ بعض شدید زخمی ہوئے۔روس کی مقامی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے نے کانسک شہر سے اڑان بھری اور اسے دوردراز علاقے تکسی میں کریش لینڈنگ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 39 مسافروں کو چوٹیں آئیں جن میں سے بعض کو معمولی اور بعض مسافروں کو شدید چوٹیں بھی آئیں جنہیں فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق کریش لینڈنگ آئی ایل 18 طیارے نے کی جس کا فلائٹ ریکارڈ بھی مل چکا ہے۔

روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق طیارہ 4 بج کر 45 منٹ پر تکسی ایئرپورٹ سے 30 کلومیٹر دور تھا تو اس وقت اس نے کریش لینڈنگ کی جب کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خراب موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے طیارے کو اتارنا ضروری ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی ایل 18 طیارہ سوویت طیاروں کی بہترین اختراع تصور کیا جاتا ہے جسے پہلی مرتبہ 1957 میں بنایا گیا تھا اور اسے دنیا بھر میں برآمد بھی کیا گیا تھا۔