قومی ویمن ٹیم کو 6 قیمتی پوائنٹس مل گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 23, 2016 | 16:34 شام

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف کھیلنے سے انکار پر آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بھارتی مؤقف مسترد کرتے ہوئے گرین کیپس کو 6 پوائنٹس فراہم کردیئے۔بھارت نے پاکستان کے خلاف آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ راونڈ سکس کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس پر پی سی بی نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی رویئے کے خلاف کارروائی کی جائے۔جنرل منیجر آئی سی سی جیف ایلرڈائس، اینڈی ہوبز اور لائن ہگنز پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی نے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر قومی ویمن ٹیم کو 6 قیمتی پوائنٹس دے دیئے جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٍبھارتی ٹیم پانچویں اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔اب تک انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اگلے سال انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت کو دوسری 6 ٹیموں کے ساتھ 7 فروری سے سری لنکا میں کوالیفائنگ راونڈ کھیلنا ہو گا۔ ٹاپ 4 ٹیمیں ورلڈ کپ کھیل سکیں گی۔