کوچ مکی آرتھرقومی ٹیم پرکیوں برس پڑے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 13, 2017 | 20:28 شام

برسبین (مانیٹرنگ ڈیسک): آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم کی بانوے رنز سے عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ٹیم پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جب تک پرانے طرز کی کرکٹ نہیں چھوڑیں گے اس وقت تک جیت نہیں سکتے۔تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پہلے ون ڈے میچ میں کینگروز کے خلاف شکست پر قومی ٹیم پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم پراپنی طرز کی کرکٹ کھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پانچویں ون ڈے میں نئی طرز ک

ی کرکٹ کھیلی تھی۔ آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے کو بھی ٹی ٹوئنٹی کی طرح کھیلتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں آسٹریلیا کو 220 سے 230 رنز تک محدود رکھنا تھا۔مکی آرتھر سے جب صحافی نے سوال کیا کہ دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کون کرے گا تو مکی آرتھر نے کہا کہ اس کا مجھے نہیں معلوم سلیکشن کمیٹی سے پوچھ کر بتاؤں گا۔واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پاکستانی بالنگ پر صرف 78 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئی تھی، تاہم بعد میں میتھیو ویڈ کی شاندار ناقابل شکست سنچری کی بدولت کینگروز نے اسکور بورڈ پر 268 رنز کا مجموعہ سجادیا۔ قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ہمیشہ کی طرح ناکام دکھائی دی اور صرف 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔