بھارتی ویمن ٹیم نے ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 04, 2016 | 16:46 شام
بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک): ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کی ویمن ٹیم کو 17 رنوں سے شکست دے کر ویمن ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ اپنے نام کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں میچ کھیلا گیا جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو 122 رنز کا ہدف دیا۔بھارت کی ٹیم کی قیادت کپتان متھالی راج کررہی تھی اور بھارتی ٹیم نے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز اسکور کیے۔ کپتان نے 65 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے73 رنز بنائے۔بھارتی ٹیم کے مجموعی اسکور میں جھلن گوسوامی نے 17رنز اسکور کیے جبکہ میگھنا نے 9 اور ہرمن پریت کور نے پانچ رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے انعم امین نے دو‘ ثنا میر اور سعدیہ یوسف نے ایک ایک وکٹ لی۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بناسکی۔کپتان بسمہ معروف نے پاکستان کی جانب سے 26 گیندوں پردو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ جویریہ خان نے دو چوکے لگا کر22رنز بنائے۔ثنا میر اور ندا ڈاردونوں 12 ، 12 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئیں۔بھارت کی جانب سے ایکتا بشت نے دو وکٹیں لی جبکہ انوجا پاٹل اور جھلن گوسوانی‘ سکھا پانڈے اور پریتی بوس نے ایک ایک وکٹ لی۔