مسلمانوں کیلئے ڈیٹنگ سروس کا آغاز، دوسری شادی کے خواہشمند مردوں کیلئے خصوصی سہولت

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 02, 2017 | 20:01 شام

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ پر شریک حیات کی تلاش اور انتخاب کی سروس فراہم کرنے والی بے شمار ویب سائٹس اور ایپس دستیاب ہیں لیکن روس میں پہلی دفعہ ’’حلال‘‘ ڈیٹنگ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد صاف ستھرے انداز میں اور اخلاقی حدود کے اندر رہتے ہوئے ہمسفر اور خصوصاً دوسری شادی کیلئے ہمسفر ڈھونڈنا بتایا گیا ہے۔روسی اخبار ’’لیزویسٹیا‘‘ کے مطابق نئی ایپ میڈیس پورہ بوبی کارکن بننے کیلئے ایک سنجیدہ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے جس میں

مذہب، اخلاقی اقدار، خاندانی پس منظر، کاروبار، آمدنی اور عادت و اطوار کے متعلق متعدد سوالات پوچھے جاتے ہیں۔
ایپ کے خالق آرسن کا زبیکوف کا کہنا ہے کہ ان کی ایپ انٹرنیٹ پر پائی جانے والی ڈھیروں ڈیٹنگ ایپس کا بہترین نعم البدل ہے۔ روس میں بیک وقت ایک سے زائد خواتین سے شادی خلاف قانون ہے لیکن اس ملک میں بسنے والے اکثر مسلمان مرد اپنے مذہبی احکامات کے مطابق ایک سے زائد خواتین سے نکاح کرتے ہیں۔ کازبیکوف کا کہنا ہے کہ متعدد عیسائی خواتین نے بتایا ہے کہ وہ بچوں والی اور تنہا ہیں اور دوسری بیوی بننے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی ایپ دوسری بیوی بننے کے لئے تیار خواتین کو دوسری شادی کے خواہشمند مردوں سے ملوانے کا اچھا ذریعہ ہے۔ غیر مسلم خواتین سے رکن بننے کے وقت یہ سوال بھی کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا مذہب بدلنے کیلئے تیار ہیں یا نہیں، اور ان کے جواب کی بناء پر ان کی رکنیت کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔عام ویب سائٹوں کے برعکس اس ایپ کے ارکان مرد و خواتین کو فوری طور پر ایک دوسرے کی تصاویریں نہیں دکھائی جاتیں بلکہ بات آگے بڑھنے پر ہی تصاویر دکھائی جاتی ہیں۔ کسی مرد کے ساتھ آن لائن گفتگو کے دوران خاتون اپنے بھائی یا والد کو بھی گفتگو میں شامل کرسکتی ہے تاکہ رشتہ ڈھونڈنے کے روایتی انداز کا ماحول برقرار رہے۔ ’’حلال‘‘ ایپ ios اور اینڈرائڈ کیلئے مفت دستیاب ہے، اور اس کے سربراہ کازبیکوف کے مطابق مختصر عرصے کے دوران اس کے ارکان کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔