بنوں جیل پر حملے کا ملزم اپنے انجام کو پہنچا دیا گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 30, 2017 | 20:41 شام

کوہاٹ ( مانیٹرنگ رپورٹ) بنوں جیل پر حملے سمیت کئی سنگین جرائم میں ملوث خطرناک دہشت گرد کو آج کوہاٹ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مجرم طاہر ولد میر شاہجہاں تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم کارندہ تھا۔ مذکورہ مجرم بنوں جیل پر حملے اور اسے توڑنے کے واقعے میں ملوث تھا جس میں کئی خطرناک دہشت گرد جیل سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

مجرم طاہر قانون نافذ کرنے والے ادارے پر حملوں میں بھی ملوث تھا جن میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔مذکورہ دہشت گرد نے مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس کے بعد فوجی عدالت نے اسے موت کی سزا سنا دی ہے۔ واضح رہے کہ 16 اپریل سنہ 2012 میں 100 مسلح افراد نے بنوں جیل پر حملہ کیا تھا جس میں 384 قیدی بشمول خطرناک مجرمان اور دہشت گرد جیل سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی جیل پر کیا جانے والا سب سے بڑا حملہ تھا۔ حملے میں دہشت گردوں نے راکٹوں سے فائر کر کے جیل کے دروازں کو توڑا تھا۔دہشت گرد طاہر کو فوجی عدالت نے 2 ستمبر 2015 کو سزائے موت سنائی تھی۔