گورنر سندھ جان کی بازی ہار گئے۔افسوس ناک خبر
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 11, 2017 | 19:57 شام
![](https://dt4c98r2nr0yq.cloudfront.net/%3Cfunction%20upload_media_to%20at%200x7fb6b8b58230%3E/96e0dbdf1c3c481bab71f48f6d90b427.png)
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) : گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، سینے میں درد کے سبب انہیں فوری اسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ میڈیا نے بتایا کہ گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کو آج سینے میں درد اٹھا اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔انہیں جب اسپتال لایا گیا تو ان کی طبیعت خاصی خراب تھی ڈاکٹرز کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ انہیں بچایا جاسکے تاہم ڈاکٹرز نے کوششیں کیں مگر کامیاب نہ ہوسکے اور گورنر
ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی، صدر مملکت،وزیراعظم، آرمی چیف
وزیراعظم نواز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے، انہوں نے بحیثیت جج کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔وزیراعظم نے وزرا اور پارٹی رہنماؤں کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی۔صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے کہا کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی ہمیشہ اصولوں کے پابند رہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام عطا فرمائے۔
بلاول اور آصف زرداری کا اظہار تعزیت
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے، ان کے اہل خانہ کو اللہ تعالیٰ صبر جمیل دے، لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔شیری رحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے ان کی کئی ملاقاتیں ہوئیں، وہ ہمیشہ تحمل سے بات کرتے تھے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت، رہنما پرویز الٰہی ،مونس الٰہی، ،پی پی رہنما فریال تالپوراور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ بلوچستان،گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔عشرت العباد نے کہا کہ ان کے گورنر بننے سے مجھے اطمینان تھا، اکثر قانونی معاملات میں ، میں ان سے مشاورت کرتا تھا، انہوں نے ہمیشہ قانون کے دائر ے میں رہ کر کام کیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی قائم مقام گورنر مقرر
جسٹس سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے قائم مقام گورنر سندھ کا چارج سنبھال لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا ایک روزہ سوگ کا اعلان
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کے انتقال پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا، انہوں نے چیف سیکریٹری کو تدفین کے مراحل کی نگرانی کا حکم دے دیا۔
نماز جنازہ جمعہ کو پولو گراؤنڈ میں ہوگی
ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ 13 جنوری بروز جمعتہ المبارک کو پولو گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ان کا جسد خاکی ڈیفنس میں واقع پی این ایس شفا کے سرد خانے میں منتقل کردیا گیا،تدفین گزری قبرستان میں متوقع ہے۔