ٹوبہ ٹیک سنگھ: زہریلی شراب سے 49 افراد کی ہلاکت، اصل ذمہ دار کون؟ دھماکہ خیز انکشاف ہو گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 31, 2016 | 11:24 صبح
لاہور( مانیٹرنگ رپورٹ )آئی جی پولیس پنجاب نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب کے باعث 49افراد کی ہلاکت کے انکوائری کا حکم دیا۔ جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک رپورٹ مرتب کر کے بھجوائی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زہریلی شراب تیار کرنے کا مکروہ دھندہ پولیس کی سرپرستی میں کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے صوبے بھر میں زہریلی شراب کی فروخت مقامی پولیس کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں، رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ زہریلی شراب کی تیاری میں صمد بونڈ بنانے کیلئے استعمال ہونے والا کیمیکل ،سپرٹ ، ایتھونول، سائنائیٹ پوائزن ،مارفین ،ایول کے انجکشن اورڈارون کی گولی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے تمام ا ضلاع میں باقاعدہ زہریلی شراب کی بھٹیاں لگی ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ولائتی شراب کی بوتلوں میں نقلی شراب بھر کر فروخت کی جاتی ہے جبکہ ہمسایہ ملک سے آنے والی زہریلی شراب بھی لاہور سمیت دیگر اضلاع کے سرحدی علاقوں میں دستیاب ہے۔ لاہور کے 500سے زائدمقامات پر پولیس کی ملی بھگت سے زہریلی شراب مختلف برانڈ کی بوتلوں میں بھر کر فروخت کی جاتی ہے۔پنجاب کے مختلف گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلوں میں بھی زہریلی شراب کی فروخت عام ہے۔ اندرون شہر کی تین بڑی مارکیٹوں سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں خالی شراب کی بوتلوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے۔جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں نشہ آور سیرپ بھی فروخت کیا جاتا ہے جو زہریلی شراب سے بھی زیادہ خطرناک ہے، نشہ آور سیرپ اور گولیوں کو ملا کر شراب کی تیاری بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔ لاہور پولیس کے متعدد افسر ایسے ہیں جو خود بھی لاہور کے بڑے شراب مافیا کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں اور ان کے کاروبار کو تحفظ دیتے ہیں جو سرکاری ادارہ اس کی روک تھام اور چیکنگ کیلئے مقرر ہے اس کے بہت سے اہلکار اس گھناو¿نے کاروبار میں بلواسطہ یا بلا واسطہ ملوث ہیں اور لاہور میں ہونے والی اکثر پارٹیوں میں یہ ہی شراب استعمال ہوتی ہے۔جہان تک شراب کی پرمٹ پر فروخت کا تعلق ہے تو اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ 10فیصد شراب پرمٹ پر اور 90فیصد بغیر پرمٹ کے فروخت ہوتی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے لئے اس وقت ہزاروں لیٹر زہریلی شراب فروخت ہو چکی ہے اور مزید فروخت جاری ہے۔