طالبان ترجمان مسلم خان سمیت 8دہشتگردوں کو موت اور3کو سزائے عمر قید کی توثیق

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 28, 2016 | 18:11 شام

راولپنڈی(مانیٹرنگ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان سمیت 8دہشتگردوں کی سزائے موت اور3کو عمر قید کی سزا کی توثیق کردی ہے ، سزائے موت پانے والوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مسلم خان بھی شامل ۔
 آرمی چیف نے جن دہشت گردوں کی پھانسی کی سزا میں توثیق کی ہے ان میں  پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور  چینی انجینیرز ' پر حملوں میں ملوث دہشت  گرد اور کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان  مسلم خان اور کالعدم تنظیموں سے وابستہ  محمد یوسف، سیف اللہ اور  بلال محمود جبکہ سانحہ صفورا اور ممتاز سماجی کارکن سبین محمود کے قتل میں ملوث حافظ محمد عمیر، علی رحمان، عبدالسلام اور خرم شفیق نامی دہشت گرد شامل ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  پاک فوج کے سربراہ نے شدت پسندوں کی فنڈنگ کرنے کے جرم  میں سرتاج علی ، کالعدم شدت پسند تنظیم سے وابستہ دہشت گرد محمود خان کو تاوان کے عوض چینی انجنیئر کو اغوااور  پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے جرم میں فضلِ غفار کی سزائے عمر قید کی توثیق کی۔اس سے قبل فوجی  عدالتوں نے مسلم خان سمیت  8 دہشت گردوں کو سزائے موت  جبکہ 3 دہشت گردوں کو عمر قید کی سزا دی تھی ، جس کی آرمی چیف نے توثیق کر دی ۔واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں  آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد پارلیمنٹ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کر کے فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دی تھی، ان فوجی عدالتوں کی مدت2 سال تھی جو اب جنوری میں پوری ہو جائے گی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ  دہشتگرد مسلم خان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا ،مسلم خان نے2چینی انجینیرزکو بھی تاوان کےلیے اغوا کیا جبکہ وہ  4سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے میں بھی ملوث رہاہے، مسلم خان ایک کالعدم تنظیم   تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )کا ترجمان ہے۔سبین محمود کے قتل میں ملوث چاروں دہشتگردوں نے بھی مجسٹریٹ اورعدالت کےسامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا ۔ ان دہشتگردوں کے حملوں میں 90افراد جاں بحق جبکہ99افراد زخمی ہوئے تھے ۔یاد رہے کہ اس وقت ملک میں9 فوجی عدالتیں قائم ہیں، جن میں سے صوبہ خیبر پختون خوا اور صوبہ پنجاب میں3،3 جبکہ سندھ میں 2 اور بلوچستان میں ایک عدالت  اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے ۔