جنرل راحیل شریف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 13, 2016 | 18:07 شام

راولپنڈی(مانیٹرنگ) دہشتگردوں کے وجود سے پاکستان کو پاک کرنے کا عزم مصمم اور لازوال  استقلال کا سلسلہ جاری۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

آرمی چیف نے جن 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ہے وہ بے گناہ شہریوں ، خواتین پولیو ورکرز، پولیس حکام اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں۔ ان میں سے بیشتر کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جب کہ انہوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف بھی کیا تھا۔

سزائے موت پانے والوں میں محمد شاہد عمر، حسین شاہ، ظفر اقبال،انور زیب ، عبیدالرحمان ،شیرعالم ،عطاء اللہ اور شمس القمر شامل ہیں، مجرم محمد شاہد  2 خواتین پولیو ورکرز اور این جی او کے 11 ورکرز کا قاتل ہے۔ سزا پانے والا مجرم حسین شاہ پاک فوج کے میجر مصطفیٰ اور کیپٹن وسیم کے قتل میں ملوث ہے اس کے علاوہ اس پر کئی سیکیورٹی اہلکاروں کےقتل کا الزام بھی ثابت ہوا ہے۔ انور زیب پولیس سب انسپکٹرعمر کا گلا کاٹنے جب کہ ظفر اقبال ایف سی کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔