بھارت سے آنے والا ایک اور ہرن پکڑا گیا،

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 28, 2016 | 19:00 شام

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت سے پاکستان آنے والے ایک اور ہرن کو پکڑ کر شہریوں نے پولیس کے حوالے کردیا، محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ جلد ہرن کو اپنی تحویل میں لے گا جب کہ پچھلے ہرن کو پولیس نے غائب کردیا۔میڈیا کے مطابق سیالکوٹ سرحد پار سے نالہ ڈیک کے ذریعے ایک اور ہرن قصور کے گاؤں ننگل بیریاں پہنچ گیا، لوگوں نے قیمتی ہرن کو پکڑ کر تھانہ بڈیانہ پولیس کے حوالے کردیا جسے لینے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ روانہ ہوگیا۔قبل ازیں ایک اور ہرن شہریوں نے پکڑ کر پولیس تھانہ قلعہ قالر والا کے حوالے کیا تھا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پہلا ہرن ان کی تحویل سے بھاگ نکلا۔شہریوں کی ایک بڑی تعداد جب پہلے ہرن کو دیکھنے تھانے پہنچی تو پولیس نے ہرن کی گمشدگی کا موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہرن گرفت چھڑوا کر بھاگ نکلا ہرن اب ہمارے پاس نہیں رہا۔دوسری جانب شہریوں نے پولیس کے اس بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہرن پولیس کے پاس ہی موجود ہے وہ ایک قیمتی ہرن ہے، پولیس ہرن کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کرنے کے بجائے بہانے بازی کررہی ہے اور معاملہ ٹھنڈا ہونے پر ہرون کو فروخت کردے گی۔اب دوسرا ہرن پاکستان پہنچا ہے اور عوام نے مجبوراً اسے بھی پولیس کے حوالے کردیا ہے تاہم محکمہ وائلڈ لائف اسے جلد اپنی تحویل میں کرلے گا۔