دفاعی ساز و سامان اور آلات کی نمائش کی تیاریاں مکمل
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 21, 2016 | 17:58 شام
کموڈور طاہر جاوید ڈائریکٹر ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ میں بتایا کہ نمائش میں 90 دفاعی وفود شرکت کریں گے جن کا تعلق دنیا کے 34 مختلف ممالک سے ہے ۔ 30 مندو بین میں ان ملکوں کے وزیر دفاع، سیکریٹریزڈیفنس، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس شامل ہیں۔یہ اعلیٰ ترین وفود کا حصہ ہوں گے۔
کموڈور طاہر جاوید نے بتایا کہ آئیڈیاز 2016 میں 34 ممالک کی 418 کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ 261 کمپنیز کا یرونی ممالک جبکہ 157 کمپنیز کا تعلق پاکستان سے ہے ۔
تعداد کے لحاظ سے یہ نویں نمائش ہے اور اس میں نو ممالک ایسے ہیں جو پہلی بار شرکت کریں گے ۔ ان میں لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلار و س، پولینڈ، چیک ریپبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجیئم، نائیجیریا اور رومانیہ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر میڈیا ڈی ای پی اوکے مطابق پاکستان کی جانب سے جن دفاعی ساز و سامان اور آلات کی نمائش متوقع ہے ان میں ٹینک ’الخالد‘، جے ایف ۔17 تھنڈر فائٹر ایئر کرافٹ، سپر مشاق، کے ایٹ ایئر کرافٹ، میزائل بوٹس، یو اے ویز اور بکتر بند گاڑیاں ، ملٹری آلات اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز 2016 کے دوران منگل کی شام انٹرنیشنل ڈیفنس سیمینار بھی منعقد ہوگا جبکہ نمائش کے ساتھ ساتھ مختلف کانفرنسیں بھی 23- 24 نومبر کو ایکسپو سینٹر میں ہی ہوں گی۔
رش، سیکورٹی انتظامات اور ٹریفک کا متبادل نظام
ایکسپو سینٹر کراچی کے عین وسط میں واقع ہے اور شہر بھر کا ٹریفک یہاں سے ہوکر گزرتا ہے جبکہ نمائش کے موقع پر رش کے پیش نظر نہ صرف ٹریفک کو متبادل روٹس فراہم کئے گئے ہیں بلکہ سیکورٹی انتظامات بھی انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔ ایکسپوسینٹر کی اطرافی سڑکوں پر دو روز پہلے سے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔