عافیہ صدیقی کو اغوا ہوئے 15 سال بیت گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 31, 2017 | 07:30 صبح

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): عافیہ صدیقی کو آج 31 مارچ کو کراچی سے اغوا ہوئے 15 سال ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر عافیہ رہائی موومنٹ کی رہنما فوزیہ صدیقی نے موومنٹ کی طرف سے پاکستان اور بیرون ممالک یومِ سیاہ منانے اور مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2003ءمیں بچوں سمیت گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس وقت کے صدر جنرل پرویز مشرف نے امریکہ کو مطلوب پاکستانیوں کو اسکے حوالے کرنے پر رقوم وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔ عافیہ کا جرم بتایا گیا کہ اس خاتون نے امریکی فوجیوں پر گن تانی تھی۔ امریکہ لاکھوں انسانوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے، وہ کوئی جرم نہیں، ایک نہتی خاتون کا گن تان لینا جرم ہے۔ یہ الزام بھی امریکہ کی طرف سے لگایا جاتا ہے جس کی صداقت کی کوئی سند نہیں ہے۔ بڑے سے بڑے جرم کی بھی 86 سال قید ایک ظلم و بربریت ہے۔پاکستان کی طرف سے عافیہ کو پاکستان لا کر سزا کاٹنے کی تجویز پیش کی گئی مگر امریکی حکام اس پر آمادہ نہیں ہوئے۔ ادھر امریکی دو پاکستانیوں کے قاتل اپنے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرا کے لے گئے۔ مبینہ طور پر وزیراعظم نواز شریف نے عافیہ صدیقی کی رہائی کا وعدہ کیا تھا مگر وہ ایفا ہوتا نظر نہیں آیا۔ عافیہ قوم کی بیٹی تو ہے، حکمران اسے اپنی بیٹی سمجھیں، تبھی اسکی رہائی ممکن ہو سکتی۔