اینکر کے ڈرامے کاتیسرے دن ہی ڈراپ سین

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 13, 2017 | 17:21 شام

اسلام آباد (مانیٹرنگ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا میڈیا میں واپسی کا پلان خاک میں ملا دیا اور نئے چینل پر پروگرام شروع ہونے سے پہلے ہی ان پر 30 دن کی پابندی عائد کردی۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے بول ٹی وی پر اپنے پروگرام میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر نہ صرف بے بنیاد الزامات لگائے بلکہ انہوں نے پاک آرمی

کو بھی بد نام کرنے کی کوشش کی۔
پیمرا کے آفیشل ریکارڈ کے مطابق ڈاکٹر شاہد مسعود ایک عادی مجرم ہیں جو بار بار اور جان بوجھ کر پیمرا کے قوانین توڑتے ہیں اور ہمیشہ ہی سنسنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ وہ نہ صرف مخصوص لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ ریاستی ادارے بھی ان کا نشانہ بنتے ہیں۔
بے بنیاد الزامات لگانے پر ڈاکٹر شاہد مسعود کے پروگرام پر آج (13 فروری رات 8 بجے) سے 30 دن تک پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس حوالے سے بول ٹی وی اور نیوز ون کی انتظامیہ کو بھی باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے۔ اگر ان کا پروگرام آن ایئر کیا گیا تو چینل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو ڈاکٹر شاہد مسعود نے میڈیا انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اتوار کے روز انہوں نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا اور نجی ٹی وی نیوز ون دوبارہ جوائن کرلیا۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود اے آروائے نیوز اور بول نیوز جوائن کرنے سے پہلے نیوز ون پر ہی اپنا پروگرام کرتے تھے۔