تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، سروسز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع فروری 24, 2017 | 04:26 صبح
لاہور(مانیٹرنگ) سروسز ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ینگ ڈاکٹرز نے سروسز ہسپتال میں ہڑتال ختم کرنے کی خبر سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر معروف کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک سروسز ہسپتال میں ہماری ہڑتال جاری رہے گی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے اینٹی کرپشن اینڈ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات ہوئے لیکن ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ روز ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر علی، ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹر التمش اور ڈاکٹر گل شان و دیگر پر مشتمل وفد نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عدنان ارشد اولکھ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن فرحان عزیز، عمر مقبول اور سرکل آفیسر رئیس خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سروسز ہسپتال کے معاملے اور چند روز پہلے اینٹی کرپشن کے افسران سے بدسلوکی پر بھی کھل کر بات کی گئی اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عدنان ارشد اولکھ نے انہیں واضح کیا کہ اینٹی کرپشن کی کارروائی کے پیچھے محکمہ صحت کا قطعی عمل دخل نہیں تاہم طویل ملاقات کے بعد ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اپنی ٹیم کے ہمراہ ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوںکو لیکر ڈائریکٹر جنرل مظفر علی رانجھا کے پاس پہنچے جہاں پھر وائے ڈی اے کو یقین دہانی کرائی گئی کہ اینٹی کرپشن کی یہ کارروائی ایک کیس کی بنیاد پر کی گئی تھی اور اس کا کوئی اور پس منظر نہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سابق میڈیا سیکرٹری ڈاکٹر خرم نے کہا ہے اس وقت صرف سروسز ہسپتال میں ہڑتال ہے باقی سرکاری ہسپتالوں میں وائے ڈی اے نے بدھ کو ہی ہڑتال ختم کر دی تھی۔