دو ہزار اکیس تک دبئی کا دس پرمسرت مقامات میں شامل ہونے کا اعلان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 15, 2016 | 17:43 شام

دبئی (شفق ڈیسک) اگر آپ دبئی میں رہتے ہوئے اداس اور ناخوش ہیں تو پولیس آپکو فون کرکے اسکی وجہ معلوم کر سکتی ہے اور اسطرح آپکی رائے ایک سروے میں شامل کر کے حکومتی پالیسی سازوں کو فراہم کی جائے گی۔ حال ہی میں دبئی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2021ء تک دبئی کو 10 پر مسرت مقامات میں شامل کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے ایک آن لائن سروے شروع کیا گیا ہے اور اسکے تحت دبئی پولیس کی ویب سائٹ پر ایک مسکراتا ہوا چہرہ، ہموار اور سپاٹ چہرہ اور روتے ہوئے شخص کا خاکہ دکھائی دیتا ہے جبکہ اسی کیساتھ دبئی کے شیخ م

حمد بن راشد المختوم کی مسکراتی ہوئی تصویر ہے جسکے نیچے تحریر ہے کہ آپکی خوشی ہی پہلی ترجیح ہے۔ اگر آپ اس سادہ سروے میں ناخوشی کی علامت پر کلک کرتے ہیں تو وہ دبئی میں آپکا محلِ وقوع اور فون نمبر مانگتے ہیں اور پولیس جلد ہی آپ سے فون کر کے اس کی وجہ معلوم کرنیکی کوشش کرتی ہے۔ اسی طرح کئی مقامات پر ٹیبلٹ بھی رکھے گئے ہیں جہاں لوگ دبئی کے متعلق اپنی رائے دے سکتے ہیں۔ اس سے ایک سال قبل دبئی نے ’’سمارٹ حکومت‘‘ پروگرام شروع کیا تھا جسکے تحت شہری سہولتوں کو 2 سے 7 سٹار سسٹم تک لے جانا تھا۔ اسی طرح پولیس کے پیغام میں بھی ایک ہیش ٹیگ شامل کیا گیا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ آپکی حفاظت ہی ہماری خوشی ہے۔ یہ پیغام عربی اور انگریزی میں ظاہر ہوتا ہے۔ پولیس کیمطابق ویب سائٹ، ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے شروع کئے گئے سروے کے پہلے دن 2 لاکھ افراد نے رائے دی جن میں 84 فیصد افراد نے کہا کہ وہ دبئی میں خوش ہیں اور 10 فیصد نے اپنے ناخوش ہونیکا اظہار کیا جب کہ 6 فیصد افراد نے کوئی رائے نہیں دی۔ دبئی پولیس کے سربراہ کیمطابق ناخوش افراد میں سے کئی ایک لوگوں کو پولیس کیجانب سے فون کئے گئے اور انکی ناخوشی کی وجہ معلوم کی گئی۔ پولیس چیف کیمطابق اگر اس مسئلے کا تعلق پولیس سے تھا تو اسے حل کیا گیا ورنہ اسے دیگر اداروں تک بھیجا گیا تاکہ وہ اس پر ایکشن لے سکیں۔ لیکن پولیس ترجمان کیمطابق پولیس لوگوں کے ذاتی مسائل حل نہیں کرسکتی۔ اقوامِ متحدہ کی عالمی مسرت رپورٹ 2015ء کیمطابق دنیا کے 158 ممالک میں سے متحدہ عرب امارات کا 20 واں نمبر ہے لیکن حکومت دبئی کو 2021ء تک دنیا کا کم از کم دسواں خوشی اور مسرت سے معمور ملک بنانا چاہتی ہے کیونکہ 2021 ء میں دبئی کی 50 ویں سالگرہ منائی جائیگی۔