الیکشن کمیشن کے 2 اعلیٰ عہدوں کی پرچی پکڑی گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 04, 2016 | 20:06 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ)آڈیٹرجنرل نے الیکشن کمیشن کے 2 اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں کو خلاف ضابطہ قراردے دیا ،الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈرافیئرز کی تقرری خلاف ضابطہ کی گئی۔الیکشن کمیشن کی آڈٹ رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق، ریٹائرڈ فوجی افسر کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع سے مشاورت ضروری ہے جبکہ ڈی جی ایڈمن کے عہدے پر الیکشن کمیشن یا صوبائی الیکشن کمیشن کے افسر کو پروموٹ کیا جانا چاہیے۔ دوسری طرف پیش کردہ رپورٹ کے مطابق، ڈی جی ایڈمن کے عہدے پر کی
گئی تقرری الیکشن کمیشن کے 1989 کے رولز کے برعکس ہے۔آڈٹ رپورٹ میں الیکشن کمیشن کی ایڈیشنل ڈی جی جینڈرافیئرز کی تقرری پر بھی آڈیٹر جنرل نے سوال اٹھا دیا۔ الیکشن کمیشن نے نگہت صدیق کو ایڈیشنل ڈی جی کے عہدے پر تعینات کر رکھا ہے جبکہ گریڈ20 کے عہدے کے لیے مجاز اتھارٹی سے منظوری نہیں لی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعلقہ عہدے پر تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا ریکارڈ مرتب نہیں کیا گیا،جب کہ ایڈیشنل ڈی جی کے عہدے پر تعینات کی گئیں افسر 16سالہ تجربہ کی حامل نہیں۔رپورٹ کے مطابق ،الیکشن کمیشن نے دیگر محکموں کے ملازمین کو 12لاکھ 55 ہزار روپے اعزازیہ دے ڈالا جو فنانس ڈویژن اورکنٹرول جنرل آف اکاونٹس کے ملازمین کو قواعد کے برعکس دیا گیا۔