بیوی سے مذاق پر خوفناک سزا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 13, 2016 | 14:09 شام

ایڈنبرا (شفق ڈیسک) 30 سال قبل خالی بندوق تان کر اپنی بیوی کو ڈرانے والا شخص اب سکاٹ لینڈ کے ایک نئے قانون کی زد میں آ گیا ہے اور اس قانون کے تحت سزا پانے والا پہلا مجرم بن گیا ہے۔ 54 سالہ رابرٹ بروک نے 1986ء میں اپنی بیوی پر خالی بندوق تان کر اور ٹرائیگر دبا کر اسے خوفزدہ کیا تھا۔ چند ماہ قبل اس نے یہ واقعہ اپنے ایک ساتھی ورکر کیساتھ شیئر کر دیا جس نے پولیس کو رپورٹ کر دی اور اب رابرٹ بروک 196 گھنٹے بلامعاوضہ کام کی سزا بھگت رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2009ء میں کلیئر ووڈ نامی لڑکی کو اسکے سابق محبوب نے قتل کردیا تھا۔ اس قتل کے بعد حکومت نے ایک نیا قانون وضع کیا جسکے تحت کوئی بھی شہری کسی دوسرے شخص کا ماضی میں کیا گیا جرم پولیس کو بتا کر اسے سزا دلوا سکتا ہے۔ اس قانون کو کلیئرز لاء کا نام دیا گیا ہے۔ بروک وہ پہلا شخص ہے جسے اس قانون کے تحت ماضی میں کئے گئے جرم کی سزا دی گئی ہے۔ بروک نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بھی بروک کی ازدواجی زندگی قائم رہی تاہم 2014ء میں اس کی بیوی اسے چھوڑ کر چلی گئی اور طلاق لے لی تھی۔ مقدمہ دائر ہونے کے بعد اس کی بیوی بھی عدالت میں پیش ہوئی اور بتایا کہ ایک روز میں بیڈ پر لیٹی تھی کہ بروک اچانک کمرے میں داخل ہوا۔ اس کے ہاتھوں میں بندوق تھی جو آتے ہی اس نے مجھ پر تان لی اور کہا کہ بس اب بہت ہو گیا۔ یہ کہہ کر اس نے ٹرائیگر دبا دیا۔ میں انتہائی خوفزدہ ہو گئی اور چیخنے چلانے لگی تاہم بندوق خالی تھی۔ میں رو رہی تھی اور بروک ہنستا ہوا باہر نکل گیا۔