وکٹیں اڑانے والوں کی اپنی وکٹ اڑ گئی ، مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا دے دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 20, 2017 | 10:06 صبح

گوجرانوالہ (مانیٹرنگ رپورٹ) تحریک انصاف یوسی 62کے ر ہنما اورمعروف سماجی شخصیت حاجی غلام فرید کے صاحبزادے غلام مرتضیٰ مہر نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس موقع پر افضل پورہ میں ان کی رہائش گاہ پر تقریب منعقدہ ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف سنگین ملکی مسائل سے نبرد آزما ہیں ،دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا کسی کارنامے سے کم نہیں ہے۔ شریف برادران روشن پاکستان کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین

تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں ایک ترقی کرتا اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان صاف طور پر دکھائی دے گا،اقتدار کا حریص ایک ٹولہ اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے کبھی کنٹینر تو کبھی پاناما کی شکل میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ ایم پی اے اشرف علی انصاری نے کہا کہ گوجرانوالہ کی ترقی کا سہرا انجینئر خرم دستگیر خان کے سر ہے جنہوں نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک جدید انفراسٹرکچر والا نیا گوجرانوالہ تعمیر کر دیا ہے۔غلام مرتضیٰ مہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ون مین شو ہے جہاں کارکنوں کی شنوائی نہیں ہو تی۔ میاں نواز شریف ہی وہ لیڈر ہیں جو ملک کو مسائل کے بھنورسے نکال سکتے ہیں۔ اس موقع پر قمر سہیل بٹ، سرفراز بٹ ،غلام مصطفٰی مہر،صفدر مہر، عبدالرحمان مہر ،لطیف ساغرنے بھی خطاب کیا۔