بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنوں کا استعمال جاری رکھنے کا اعلان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 12, 2017 | 10:07 صبح

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔یہ بات بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کی گئی ہے۔ مضمون نگار آرش نیدر نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے اس اعلان کے بعد کہ احتجاج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ سنٹرل ریزرو فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے درگا پرساد نے یہ اعلان کرایا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف پیلٹ گن کا استعمال جاری رکھا جائے

گا۔ کشمیر میں برف پگھل رہی ہے اور موسم بہار کی آمد ہے لیکن بھارتی فوج اور سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال کی دھمکی مایوسی کا پیغام ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 2016 ءکے دوران احتجاج میں پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کی بینائی ضائع ہوئی۔ بھارتی فوج نے اعلان کیا ہے کہ پیلٹ گن کے آگے ڈیفلیکٹرز لگائے جائیں گے‘ لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ بچوں‘ خواتین اور احتجاج میں موجود لوگوں کی بینائی ضائع نہیں ہو گی۔