پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار،کسر جی ایس ٹی میں اضافہ کر کے نکال دی۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 01, 2016 | 13:20 شام


لاہور (مانیٹرنگ)
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تو برقرار رہیں مگر کسر جی ایس ٹی میں اضافہ کر کے  نکال دی۔انہوں یہ اعلان کرتے ہوئے جتلایا کہ اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کی سمری بھیجی گئی تھی جس کے تحت پٹرول کی قیمت کو 64.27 روپے سے بڑھا کر 66.56 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 72.52 روپے سے 74.54 روپے، ہائی اوکٹین کی قیمت 72.68 سے بڑھا کر 82.50 روپے مٹی کے تیل کی قیمت 43.25 روپے سے

بڑھا کر 50.50 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 43.34 روپے سے بڑھا کر 49.74 روپے کرنے کی تجویز دی گئی تھی مجموعی طورپر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز تھی یہ سمری وزیر اعظم کے پاس بھجوائی گئی جس پر وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نومبر کے مہینے میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے ماہانہ چار ارب روپے برداشت کریگی۔حکومت عوام کو جو ریلیف دینے کا دعویٰ کرتی ہے وہ کسر اس نے ایف بی آر کے ذریعے جی ایس میں اضافہ کر کے نکال دی ہے۔ ایف بی آر نے پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی کے ریٹ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرول پر 16.5 فیصد‘ ایچ او بی سی پر 17 فیصد‘ کروسین آئل پر 2 فیصد‘ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 33 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل پر 2 فیصد جی ایس ٹی لاگو کیا گیا ہے۔