پاکستانی کرکٹ ٹیم کو جرمانہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 29, 2016 | 18:05 شام

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پر نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔کپتان اظہرعلی پر میچ فیس کا سو فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن کے مطابق پاکستانی ٹیم ہیملٹن ٹیسٹ میں مقررہ وقت میں پانچ اوورز پیچھے تھی لہذا آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق ہر کھلاڑی پر فی اوور میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ کپتان اظہرعلی فی اوور بیس فیصد یعنی دوگنے جرمانے کی زد میں آئے ہیں۔

اس میچ میں پاکستان کی کپتانی کرنے والے اظہرعلی ہیملٹن ٹیسٹ میں مصباح الحق کے نہ ہونے کے سبب پہلی بار پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے وہ ہیملٹن ٹیسٹ نہیں کھیل سکے۔مصباح الحق کو یہ معطلی کا سامنا ایک سال میں دو مرتبہ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے کرنا پڑا تھا۔