فضاؤں میں چڑیاں اور سمندر میں کون سی مخلوق چہچہاتی ہے؟ ماہرین نے ایسی تحقیق کردی کہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع ستمبر 29, 2016 | 17:05 شام
پرتھ: آسٹریلوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ طلوع آفتاب کے وقت ہواؤں میں صرف چڑیاں ہی نہیں چہچہاتیں بلکہ پانی میں مچھلیاں بھی چہچہاتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سائنسدانوں نے اب تک خشکی اور پانی میں پائے جانے والے 800 جانداروں کی ایسی اقسام دریافت کی ہیں جو مختلف آوازیں نکال کر آپس میں رابطہ کرتی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے جب مچھلیوں کاپانی کے نیچے چہچانا دریافت کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی پرتھ میں ماہرینِ حیاتیات نے 18 ماہ تک مچھلیوں کی مختلف اقسام کا مطالعہ کیا اور دریافت کیا کہ صبح طلوع آفتاب اور شام میں سورج غروب ہوتے وقت مچھلیاں ایک ساتھ مل کر خاص آوازیں پیدا کرتی ہیں لیکن پانی میں ہونے کی وجہ سے ان کی آوازیں ایسے لگتی ہیں جیسے مکھیاں بھنبھنا رہی ہوں۔ مطالعے کے دوران ماہرین نے ایسی 7 آوازیں ریکارڈ کیں جن میں زیرِ آب ایک ساتھ چہچہاتی ہوئی مچھلیوں کی آوازیں صاف سنی جاسکتی ہیں۔مثلاً کلاؤن فش کی آواز جھینگر کی جھائیں جھائیں سے مماثلت رکھتی ہے جب کہ اوئسٹر ٹوڈفش کہلانے والی مچھلیوں کی آواز مینڈک کی ٹرٹراہٹ سے مشابہت رکھتی ہے۔ ان میں سے بعض مچھلیاں اپنے دانٹ کٹکٹاتی ہیں جب کہ کچھ اقسام کی مچھلیاں آوازیں پیدا کرنے کے لیے پھیپھڑوں کا استعمال کرتی ہیں۔