اسلامی فوجی اتحاد، سعودی عرب نے راحیل شریف کی باقائدہ خدمات مانگ لیں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 10, 2017 | 06:57 صبح
اسلام آباد (مانیٹرنگ) سعودی عرب نے انسداد دہشت گردی کے مجوزہ فوجی اتحاد کی سربراہی کیلئے پاکستان سے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی خدمات مانگ لی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فروری کے آخری ہفتے میں پاکستان کو یہ درخواست موصول ہو گئی تھی۔ قوی امکان ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے جنرل راحیل شریف کو اس سلسلہ میں این او سی جلد جاری کر دیا جائے گا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس این او سی کیلئے راحیل شریف کی درخواست وزارت دفاع میں زیرغور ہے جو جی ایچ کیو کی رائے حاصل کرنے کے بعد حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوا دی جائے گی۔ مجوزہ فوجی اتحاد 34 اسلامی ممالک پر مشتمل ہو گا اور اس کا ہیڈکواٹر ریاض میں قائم کیا جائے گا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کی قیادت کیلئے راحیل شریف کو اجازت مل جانی چاہئے۔ سعودی عرب اجازت مانگ رہا ہے تو انشاء اللہ مل جانی چاہئے، وزیراعظم اصولوں پر فیصلہ کرتے ہیں امید ہے اجازت دے دیں گے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے۔ یہ فیصلہ پچھلے ہفتہ وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ہوا۔ حکومت پاکستان نے افغانستان کو 76 ایسے لوگوں کی فہرست دی جو پاکستان میں کارروائیوں میں ملوث ہیں۔