دہشتگردی کے جڑوں سے خاتمہ کیلئے ،جنرل رضوان اختر کی کراچی واپسی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 08, 2016 | 09:25 صبح
اسلام آباد (ویب ڈیسک)انگریزی اخبار “دی نیشن” کے مطابق پاک فوج کی ہائی کمان میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں اور موجودہ آئی ایس آئی چیف جنرل رضوان اختر کو اگلے چند ہفتوں میں تبدیل کئے جانے اور کور کمانڈر کراچی تعینات کئے جانے کاامکان ہے۔جنرل رضوان 22 ستمبر 2014ءکو آئی ایس آئی کے سربراہ بنے تھے۔ اس سے پہلے بطور میجر جنرل وہ ڈی جی رینجرز سندھ کے عہدے پر تعینات رہے اور کراچی آپریشن کو لیڈ کیا تھا۔اس میں کامیابی بنا پر ان کو پاکستان کی سب سے بڑی اور اہم انٹیلی جنس ایجنسی کا چیف مقرر کیا گیا تھا۔ وہ شمالی وزیرستان میں بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔کراچی میں دہشتگردوں کا انہوں نے جس طرح ناطقہ بند کیا اس پر الطاف حسین ان کے ذکر پر آگ بگولا ہوتے اورحواس کھو بیٹھتے تھے۔کراچی میں دہشگردوں اور ملک دشمنوں کے مکمل خاتمے کے لئے ان کو کراچی لائے جانے کا امکان ہے۔جہاں وہ کور کی کمانڈ کریں گے۔ جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو ڈی جی آئی ایس آئی یا اس سے بھی بڑے عہدے پر لگائے جانے کا امکان ہے۔