پاکستان کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے کسی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں: راحیل شریف

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 19, 2017 | 12:35 شام

ڈیووس(مانیٹرنگ) سابق آرمی چیف جنرل(ر)راحیل شریف نے کہا ہے کہ بطور آرمی چیف 3 سالہ دور میں بہت کچھ حاصل کیا لیکن کسی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں جس سے پاکستان کے تمام مسائل یکدم حل کرلیے جائیں۔سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں معروف دفاعی تجزیہ کار اکرام سہگل نے سابق آرمی چیف جنرل (ر)راحیل شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر جنرل (ر)راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان عزت و وقار کے ساتھ اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بطور آرمی چیف 3 سالہ دور میں بہت کچھ حاصل کیا لیکن ملک می

ں کسی کے بھی پاس جادو کی چھڑی نہیں جس سے تمام مسائل یکدم حل کرلیے جائیں۔سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اچھی اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھا جاسکتا ہے اور اسی سوچ نے مجھے چین، افغانستان اور خلیجی ممالک کیساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے میں بہت مدد دی۔ جنرل(ر)راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملکر دونوں ممالک کے درمیان عدم اعتماد کی فضا کو بحال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے۔واضح رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل(ر)راحیل شریف سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں موجود ہیں جہاں انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے ایک سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سی پیک سمیت دہشت گردی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے تجاویز پیش کیں۔