اے آر وائی نے اپنے چینل پرجیو ٹی وی سے معذرت کا اشتہار چلا دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 24, 2016 | 13:25 شام

لندن(مانیٹرنگ)پاکستانی میڈیا کی تاریخ کے سب سے بڑے فیصلے پر اے آروائے نے عمل درآمد کردیا اور اپنے خلاف ہی آنیوالا فیصلہ عدالتی حکم کے مطابق نشر کردیا، یہ فیصلہ جیو کے مالکان کے حق میں تھا۔  انگریزی جریدے ’ڈان‘ کے مطابق ’اے آروائے کو یہ نشر کرنا پڑا ’ عدالتی فیصلے میں واضح ہواکہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان سے متعلق 24پروگرام نہ صرف ہتک آمیز بلکہ بے بنیاد بھی تھا‘۔  اے آروائے کی فیصلے سے متعلق پہلی نشریات برطانوی وقت کے مطابق شام چھ بجے ہوئیں

، عدالت نے حکم دیاتھاکہ فیصلے کی سمری پڑھنے کے ساتھ ساتھ 23دسمبرکو شام چھ سے چھ بج کر پانچ منٹ کے دوران نشر کریں، اور پھر شام دس بجے اور پھر علیٰ الصبح تین بجے دوبارہ نشر کریں۔ میرشکیل الرحمان نے کہاکہ ’ ہمارا نام واضح کرنا زیادہ ضروری ہے تاکہ ہم اپنے ناظرین اور قارئین کیلئے اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ میرشکیل الرحمان کے وکیل الاسدیرپیپر نے کہاہے کہ اس فیصلے سے ایک واضح پیغام پہنچایاگیا، اگر پاکستانی چینلز کو برطانیہ میں اپنی نشریات پیش کرنا ہیں تو اُنہیں برطانوی قوانین کا احترام کرنا ہوگا‘۔برطانوی عدالت کے پاس اے آروائے کوپاکستان عدالتی فیصلوں ، اصلاحات اور معذرت کرنے کا حکم دینے کا اختیار نہیں اور یہ احکامات صرف برطانیہ کے لیے تھے اور برطانیہ میں موجود ہزاروں لوگوں نے یہ نشریات دیکھی ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق عدالت کا فیصلہ اے آروائے کی طرف سے میرشکیل الرحمان کو دی جانے والی رقم سے متعلق حکمنامے سے شروع ہوتاہے ’ دو دسمبر 2016ءکو ہائیکورٹ آف جسٹس نے برطانیہ میں اے آروائے نیوز کے براڈ کاسٹر (اے آروائے نیٹ ورک لمیٹڈ)اور اس کے چیف آپریٹنگ آفیسرفیاض غفور کو حکم دیاکہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان کو ایک لاکھ پچاسی ہزار پاﺅنڈ اداکرنے کا حکم دیا‘