جرمنی شاطرشخص نے مشین کو دھوکا دے کر 47 لاکھ بٹور لئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 23, 2016 | 16:42 شام

کولون جرمنی (شفق ڈیسک) جرمنی کے شہرکولون میں مشروب بنانے والی کمپنی نے عوام میں بوتلوں کو دوبارہ استعمال کا شعور بڑھانے کیلئے ایک ری سائیکلنگ مشین لگائی لیکن ایک چالاک شخص نے بوتل کے بدلے اس سے ہزاروں ڈالر کی رقم بنالی۔ جب آپ ری سائیکل کرنے کیلئے کوئی پلاسٹک یا شیشے کی بوتل مشین کے اندر داخل کرتے ہیں تو وہ اسکے بدلے ایک دو یورو یا کچھ پیسے آپ کو دیتی ہے، زیادہ بوتلیں ہوں تو زیادہ رقم ملتی ہے۔ لیکن کولون کی عدالت میں ایک شخص کو پیش کیا گیا جس نے مشین کو دھوکا دیا اور ایک بھی بوتل داخل کئے بغیر

مشین سے 47 لاکھ روپے کی رقم حاصل کرلی جب کہ دھوکا دہی کے کیس میں مجرم کو 10 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ ری سائیکلنگ مشین ایک دکان کے نچلے حصے میں رکھی تھی جہاں لوگوں کی آمدورفت کم تھی اور اس سے فائدہ اٹھانے والے اس شخص نے 5 ہزار یورو خرچ کرکے مشین میں بنیادی تبدیلیاں کیں۔ اس میں بوتل ڈالنے والے حصے میں کچھ تبدیل کیا اور ہر بار بوتل ڈالنے پر اسے معمولی رقم کی رسید ملتی جسے وہ جمع کرکے اس سے رقم حاصل کر لیتا تھا لیکن اگلے ہی لمحے وہ بوتل واپس نکال لیتا۔ اس نے کل 177249451 مرتبہ مشین میں بوتل ڈالی لیکن اسے ٹوٹنے سے قبل ہی واپس نکال لیا، مشین نے بتایا کہ بوتل اندر پہنچ چکی ہے اس طرح اس نے ایک دو نہیں بلکہ 47 ہزار ڈالر کی رقم بنالی۔ کمپنی کیمطابق وہ اس سے واقف نہیں تھے اور کمپنی کے ایک نمائندے نے شک کے بعد اس دھوکا دہی سے پردہ اٹھایا اور اس شخص پر نظر رکھتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا۔