چپل پر ایسی تصویر کہ ایمازون مشکل میں آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 16, 2017 | 16:31 شام

دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک):آن لائن سامان بیچنے والی بین الاقوامی کمپنی ایمازون نے مہاتما گاندھی کی شکل سے مزین ہوائی چپل پر شدید تنقید کے بعد اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دی ہیں۔مہاتما گاندھی نے انگریزوں کی حکومت سے انڈیا کو آزاد کروانے کے لیے مہم چلائی تھی اور وہ انڈیا میں بابائے قوم کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔انڈیا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے واشنگٹن میں انڈین سفارت خانے کو پیغام بھیجا گیا ہے کہ وہ ایمازون کو انڈیا کی عوام کے جذبات کو ٹھیس ہنچانے سے روکیں۔انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین وزارتِ

خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے کہا کہ 'انڈین جھنڈے والے ڈور میٹ کے واقعے کے بعد امریکہ میں موجود سفیر کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ایمازون کو انڈین عوام کے جذبات اور احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں مجروح کرنے سے روکیں۔'انڈین حکومت کے سیکریٹری برائے معاشی امور شکتی کانتا داس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ایمازون انڈیا کے اہم علامات اور نشانات کے بارے میں ایسے خطرے مول لینے سے پہلے سوچ لے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ بحیثیت ایک شہری اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے، نہ کہ اپنی سرکاری حیثیت میں۔چند روز قبل ایمازون کو ایک اور تنازع کا سامنا اس وقت کرنا پڑا تھا جب کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر انڈین پرچم والے ڈور میٹ فروخت کے لیے پیش کیے۔انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے اس پر سخت تنقید کی گئی تھی جس کے بعد ایمازون نے اپنی ویب سائٹ سے اس پراڈ کٹ کو ہٹانے کا اعلان کیا تھا ۔‘