لڑکی نے سوشل میڈیا پر ایسی حرکت کی کہ بہت سے لوگ سر پکڑ کے بیٹھ گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 07, 2017 | 18:07 شام

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈزنی لینڈ کی سیر ہر ایک کی کمزوری ہے، اور اگر کوئی کمپنی رعایتی نرخوں پر وہاں لیجانے کا وعدہ کرے تو یقینا بہت سے لوگ تیار ہو جائیں گے۔ لوگوں کی اسی کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برطانیہ میں ایک لڑکی نے درجنوں افراد کو چونا لگا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق 26سالہ ایشلے ٹربٹ نامی اس لڑکی نے ”ونس ان ا لائف ٹائم“ کے نام سے ایک سکیم شروع کی اور فیس بک پر اس کے اشتہارات پر مبنی پوسٹ شروع کر دیں، جن میں اس نے لوگوں کو بارگین کی سہولت فراہم کرتے ہوئے انتہائی کم

خرچ پر ڈزنی لینڈ لیجانے کا جھانسہ دیا۔رپورٹ کے مطابق درجنوں افراد نے ایشلے کی سکیم میں شمولیت اختیار کر لی، جن سے اس نے کچھ پیشگی رقم وصول کر لی جو مجموعی طور پر 80ہزار پاﺅنڈز (تقریباً 1کروڑ 4لاکھ روپے) تھی۔ رقم بٹورنے کے بعد روانگی کی تاریخ سے عین ایک دن قبل اس نے یہ ٹرپ منسوخ کر دیا جس پر 50سے زائد افراد جنہوں نے اسے پیشگی رقم دے رکھی تھی، سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ انہوں نے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی جس پر اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں اس نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسے مارچ میں سزا سنائی جائے گی۔ تب تک کے لیے اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔