صدر ممنون حسین کی گورنر سندھ سے ملاقات،تصویر جاری،لوگوں کو گورنر کے نو بر نو ہونے کا یقین ہوگیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 24, 2016 | 18:41 شام

کراچی(مانیٹرنگ): صدر مملکت ممنون حسین نے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر سید ناصر شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال، جاری آپریشن، ترقیاتی منصوبوں، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبہ میں پائیدار امن کے لئے آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ

ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں سے کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی جبکہ لیاری ایکسپریس وے اور ماس ٹرانزٹ کے تمام منصوبے کراچی کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ ملاقات میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لئے وفاقی حکومت کا اہم اقدام ہے، وزیر اعظم کے احکامات پر کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ سی پیک میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے نمایاں اقدامات کر رہی ہے جن میں ماس ٹرانزٹ کے منصوبہ بھی شامل ہیں جبکہ اورنج لائن منصوبہ اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔