جاپان گراں پری: جرمن ڈرائیور نے میدان مار لیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 09, 2016 | 13:55 شام

ٹوکیو(ویب ڈیسک)جرمنی سے تعلق رکھنے والے نیکو روزبرگ نے جاپان گراں پری فارمولا ون کار ریس انتہائی آسانی سے جیتی۔ روزبرگ نے سوزاکا کار ریس ٹریک پر سب نمایاں پوزیشن سے ریس کی شروعات کی۔ انہوں نے گزشتہ روز پول پوزیشن حاصل کی تھی۔ ریس شروع کرنے کے بعد جرمن ڈرائیور نے اپنے کسی حریف کو اپنے قریب یا آگے نکلنے نہیں دیا۔ اِس ریس میں انہوں نے اپنی ڈرائیونگ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اُن کا قریب ترین حریف پانچ سیکنڈ کی دوری پر تھا۔ اس طرح انہیں اب ڈرائیورز چیمپئن شپ میں اپنے قریب ترین حریف لوئیس ہملٹن پر
33 پوائنٹس کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ جاپان گراں پری میں مرسیڈیز ٹیم سے ہی تعلق رکھنے والے ہملٹن کو تیسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ ریڈ بُل ٹیم کے بیلجیم سے تعلق رکھنے والے میکس فیراسٹیپن دوسرے مقام پر رہے۔ جاپان گراں پری میں ہملٹن اور فیراسٹیپنر کے درمیان دوسری پوزیشن کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ برطانوی ڈرائیور لوئس ہملٹن گزشتہ برس کی ڈرائیورز چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب رہے تھے اور وہ اِس سیزن کے دفاعی چیمپئن ہیں۔ نیکو روزبرگ اور لوئیس ہملٹن کی پہلی اور تیسری پوزیشن کی وجہ سے مرسیڈیز ٹیم نے کنسٹرکٹرز چیمپیئن شپ کو مسلسل تیسرے برس جیت لیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ سے تعلق رکھنے والی کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ کامیابیاں فراری کے حصے میں آئی ہیں۔ یہ کار سولہ مرتبہ کنسٹرکٹرز چیمپئن بن چکی ہے۔ اِس کے بعد ولیم کار ریسنگ ٹیم ہے، جو نو مرتبہ یہ ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہی۔ میکلارن گروپ آٹھ مرتبہ کامیاب رہا۔ رواں برس کے فارمولا ون کار ریسنگ سیزن میں ابھی چار مقابلے باقی ہیں۔ اگلی ریس امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن میں تیئیس اکتوبر کو منعقد کی جائے گی۔ یُو ایس گراں پری کا انعقاد سرکٹ آف امریکنز کے ٹریک پر کیا جائے گا۔ رواں برس کی آخری ریس ستائیس نومبر کو خلیجی ریاست ابوظہبی میں ہو گی۔