قبروں کے لیے جگہ فروخت کرنے والوں کی شامت آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 05:24 صبح

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے والوں کے خلاف پولیس حرکت میں آگئی ، عزیز آباد میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ، پولیس نے قبرستانوں کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے مکروہ دھندا کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر نے کے لیے پولیس نے تحقیقات انٹیلی جنس کے شعبے کو دے دی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مکروہ اور گھناؤنے

کارروبار میں کوئی نہیں بچے گا ۔ قبرستانوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جس کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی اور اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ کمیٹی قبرستانوں میں ہونے والی جگہ کی کٹنگ کے حوالے سے بھی تفصیلات جمع کرے گی ۔ پولیس نے قبروں کی جگہ فروخت کرنے والے اور مُردوں کی باقیات کو فروخت کرنے والے گروہوں کے کارندوں کی تلاش کا ٹاسک پولیس کے انٹیلی جنس کے اداروں کے سپرد کر دیا ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ دنوں یاسین آباد قبرستان میں قبروں کی جگہ فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ اعجاز کی تلاش میں بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ملزم کے ایم سی کا ملازم اور غیر اعلانیہ طور پر کالعدم سیاسی جماعت کا کارندہ ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں قبرستانوں میں گھناؤنے کاروبار میں ملوث گروہوں کی بیخ کنی کے لیے گینگ کی سرپرستی کرنے والے اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے کے ایم سی کے حکام سے رابطہ کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے مذکورہ کے ایم سی کے ملازم اعجاز کے خلاف شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں کہ وہ قبروں کی فروخت میں رشوت کی رقم کے ایم سی کے کن ملازمین میں تقسیم کرتا تھا ۔ گرفتار ملزم نعیم عرف کالو نے ڈیڑھ ہزار سے زائد قبروں کی جگہ فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ اس ہم انکشاف کے بعد پولیس نے شہر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملزمان جادوگروں سمیت دیگر افراد کو ہڈیا ں فروخت کرنے کا مکروہ دھندا کافی عرصے سے جاری رکھے ہوئے تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک ماہ میں ڈیڑھ سو قبریں کھودیں ۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبرستان جائیں اور اپنے پیاروں کی قبروں کا جائزہ لیں ، کوئی مشکوک حرکت محسوس ہوتو پولیس کو اطلاع دیں