قبر سے بہتا خون،ایک شخص نے قبر کے اندر دیکھا تو خوف سے چیخیں نکل گئیں۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 12, 2017 | 18:50 شام

برازیلیا (مانیٹرنگ ڈیسک) اپنے ایک عزیز کی قبر کی دیکھ بھال کے لئے جانے والے ایک برازیلی خاندان کو اس وقت زندگی کے خوفناک ترین لمحے کا سامنا کرنا پڑگیا جب ان کا آمنا سامنا قبر میں موجود ایک زندہ لاش سے ہو گیا۔ اخبار ”ڈیلی میل“ کے مطابق یہ افراد کیمپس ڈاس گوٹا کازیس شہر کے ایک قبرستان میں اپنے عزیز کی قبر پر گئے تھے۔ جونہی یہ لوگ قبر کے قریب پہنچے تو اس میں سے بہتا ہوا خون دیکھ کر ٹھٹھک گئے، اور جب قبر کے کھلے ہوئے حصے سے اندر جھانک کر دیکھا تو خوف سے چیخیں نکل گئیں کیونکہ ان کے سامنے خون میں نہایا ہوا ایک نیم مردہ شخص پڑا تھا،جو کسی خوفناک بلا کی طرح نظر آرہا تھا۔ خوف سے کانپتے ہوئے لوگوں نے فوری طور پر قبرستان کی انتظامیہ کو آوازیں دیں، جنہوں نے پولیس کو خبر کردی۔ ریسکیو اہلکاروں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر قبر میں موجود شخص کو نکالا اور فوری طور پر اسے فریرا مشاڈا ہسپتال لیجایا گیا۔

 

 

پولیس کا کہنا ہے کہ قبر میں ملنے والے نیم مردہ شخص کا معمہ ابھی پوری طرح حل نہیں ہوا، البتہ ابتدائی تحقیقات سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ کسی نے اسے قتل کرنے کی نیت سے تیز دھار آلے کے وار کئے اور پھر قبر کے اندر پھینک کر فرار ہو گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قبر سے برآمد ہونے والے شخص کے پورے جسم پر گہرے زخموں کے نشانات موجود ہیں، البتہ اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس کی جان بچائی جاسکے گی۔اور اس کے ساتھ جو ہوا اس کی تہہ تک بھی جایا جائے گا۔۔۔