پاکستانی نوجوان کا انوکھا ریکارڈ: گینیز بک میں نام شامل ہو گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 11, 2016 | 17:07 شام

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے قابل فخر سپوت عرفان محسود ایک جانب ایم فل کے طالبعلم ہیں تو اپنے گھر سے دور ایک دوسرے شہر میں رہائش پذیر ہیں لیکن حال ہی میں انہوں نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کِک لگانے کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔محمد عرفان محسود نے احمد امین بودلہ کا وہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس میں انہوں نے ایک ٹانگ سے ایک منٹ میں لگاتار فل کانٹیکٹ ککس لگائی ہیں۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے عرفان محسود کے اس ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔26 سالہ عرفان کا تعلق وزیرستان کی تحصیل لدھا سے ہے اور انہوں نے ایک منٹ میں 87 ککس لگائیں جبکہ اس سے قبل پاکستان کے ہی احمد امین بودلہ نے اس دوران 79 ککس لگائی تھیں جو اس وقت کا ورلڈ ریکارڈ تھا۔محسود نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی مارشل آرٹ کا جنون تھا اور 2005 میں میٹرک کے بعد میں نے باقاعدہ تربیت شروع کردی تھی جب کہ ماہِ رمضان میں بھی روزے کی حالت میں ہونے کے باوجود اپنی ٹریننگ اور ورزش نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور وزیرستان کے لوگوں کا مثبت اور بہتر تصویر دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں، ہم دہشتگرد نہیں بلکہ ہم تعلیم اور کھیل دونوں میں مہارت رکھتے ہیں۔