راحیل دوسرے جرنیلوں کی طرح تھے‘ کراچی میں امن کا سہرا نوازشریف کے سر ہے: گورنر سندھ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 07, 2017 | 11:49 صبح

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز معاشی بہتری تک رہیگی، معاشی ترقی کے لئے رینجرز کی تعیناتی ضروری ہے،کراچی میں امن کے بعد امن خراب کرنیوالے کہیں چھپ تو نہیں گئے؟ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت اور دو روزہ لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کراچی آپریشن کا سو فیصد کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے، یہ حقیقت ہے کراچی میں تبدیلی نواز شریف کے آنے سے آئی، جب تک ضروری ہوا رینجرز کراچی میں رہے گی۔ کراچی میں امن کا سہرا راحیل شریف نہیں نواز شر

یف کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن زیرو پر تالے لگے ہیں اور کوئی بھی ان تالوں کو کھلوانے کا مطالبہ نہیں کر رہا۔ بانی ایم کیو ایم اب تاریخ کا حصہ ہیں، ایم کیو ایم لندن کا نام لینے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا سب پاناما کے فیصلے کے منتظر ہیں، فیصلہ جلد آجانا چاہیے، فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک جنرل تھے جیسے باقی جنرل ہیں، وہ بھی ایک عام انسان تھے ان کو زیادہ بڑا نہ بنایا جائے۔ کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں دنیا بدل چکی ہے، تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی کراچی کو اب بند نہیں کر سکتیں۔ بانی ایم کیو ایم نے 2004 میں دلی کی جو بات کی تھی وہ 2013 سے زیادہ خطرناک ہے۔ دلی میں خطاب کا ایک علامتی پہلو ہے جس میں انہوں نے تقسیم پر معافی مانگی تھی۔ متحدہ بانی اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں وہ ایک دور میں پرویز مشرف کے اتحادی تھے۔ انہوں نے کہا راحیل شریف ایک عام انسان اور عام جنرل تھے۔ ایسے کہتے ہیں جیسے اقبال کی طرح راحیل شریف نے امن کا خواب دیکھا تھا۔ میڈیا ہر چیز کا کریڈٹ راحیل شریف کو دیتا ہے۔