بالوں میں رنگ لگانا صحت کے لیے مضر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 15, 2016 | 19:21 شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک):ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ ایسے افراد جو بالوں کو رنگنے کے لیے مختلف رنگوں کا استعمال کرتے ہیں وہ کینسر میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔فرانس کی انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کی تحقیق کے مطابق بالوں کو رنگنے کے لیے مختلف خضابوں کا استعمال آپ کو کینسر خاص طور پر مثانے کے کینسر میں مبتلا کر سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خضاب میں شامل مختلف کیمیائی عناصر کھوپڑی کی جلد سے گزر کر رگوں میں جاسکتے ہیں جو خون میں شامل ہو کر کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سے نہ صرف مثانے کے کینسر بلکہ دیگر کئی غیر معمولی بیماریوں کا بھی خدشہ ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر مہینے خضاب کا استعمال کرنا مثانے کے کینسر کے خطرے میں 50 فیصد اضافہ کردیتا ہے بہ نسبت ان افراد کے جو بہت کم خضاب کا استعمال کرتے ہیں یا بالکل نہیں کرتے۔ماہرین کی تجویز ہے کہ بالوں کو رنگنے کے لیے قدرتی اشیا کا استعمال کیا جائے۔