مودی کے پروگرام میں مسلم خاتون کا حجاب اتارپھینکا گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 09, 2017 | 16:58 شام

احمد آباد :(مانیٹرنگ) گجرات میں وزیر اعظم مودی کے ایک پروگرام کے دوران ایک مسلم خاتون شہر بن سعید سلاوی کو حجاب ہٹانے پر مجبور کیا گیا۔ خیال رہے کہ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے اعزاز میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر گاندھی نگر میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ شهربن سعید سلاوي کیرالہ سے آئے وفد میں شامل تھیں۔

کیرالہ خواتین کمیشن کی رکن نوربينا راشد کے مطابق خاتون سرپنچ سعید سلاوي کو پروگرام کے مقام پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حجاب ہٹانے کیلئے کہا۔ انہیں پورے پروگرام کے دوران حجاب پہننے نہیں دیا گیا۔ اس پروگرام میں تقریبا چھ ہزار لوگ موجود تھے۔ سعید سلاوی گزشتہ 20 سالوں سے مقامی سطح کی لیڈر ہیں۔ کیرالہ کے وايناڈ میں ان کی پنچایت کو پہلی شوچ مكت پنچایت قرار دیا گیا۔

این ڈی ٹی وی ڈاٹ کام کی ایک خبر کے مطابق سعیدسلاوي کے ساتھ موجود ایک اور رکن نے بتایا کہ جب کیرالہ سے آئے وفد نے اس معاملہ میں مداخلت کی ،تو تقریبا ایک گھنٹہ بعد انہیں حجاب واپس لوٹادیا گیا۔ کیرالہ کے اس وفد میں تقریبا 100اراکین شامل تھے۔ نوربينا راشد نے اس واقعہ پر غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتعال انگیز ہے اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ یوم خواتین پر اقلیتی برادری کی ایک خاتون کے ساتھ ایسا برتاؤ کیا جارہا ہے۔

ادھر کیرل خواتین کمیشن نے اس واقعہ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متعلقہ سیکورٹی اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ لیکن ضلع کے سینئر پولیس افسر نے اس طرح کے واقعہ سے انکار کیا ہے۔ گاندھی نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وریندر یادو کے مطابق خاتون کا چہرہ ڈھکا ہوا تھا اور ان کی شناخت کے لئے حجاب ہٹانا ضروری تھااور ایسا ایک خاتون کوآرڈینیٹر کی موجودگی میں کیا گیا۔