عباسی نے خان کو مقابلے کا چیلنج،شیخ رشید کو پدی قرار دیدیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 18, 2016 | 13:46 شام

 

راولپنڈی(مانیٹرنگ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے دشمنی میں عمران خان خود کش بمبار کی شکل اختیار کرتے جارہے ہیں اور  بیرونی طاقتوں کے کندھوں پر بیٹھ کر سی پیک منصوبہ بھی خراب کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پوری اپوزیشن جماعتیں خصوصاً عمران خان ہمیں گالیاں دیتے جائیں لیکن ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے، ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی پر توجہ جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کھلا چیلنج ہے کہ وہ آئیں اور ہم سے تعمیر و ترقی کا مقابلہ کرکے دیکھ لیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ (ن) لیگ والے صرف سڑکیں اور پل بناتے ہیں، وہ بالکل سچ کہتے ہیں کیوں کہ سڑکیں اور پل بنائے بغیر فاصلے نہیں سمٹتے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کے آکسفورڈ میں پڑھنے کے دعوے پر شک ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ وہ چیرمین پی ٹی آئی کی ڈگری چیک کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ بنی گالہ کی زمین کہاں سے آئی، ہندؤں اور یہودیوں سے 34 کروڑ روپے کس نے منگوائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے بھی متعدد کیسز میں شکست کھاچکے ہیں اور اب بھی شکست ان کا مقدر بنے گی، وہ اب نواز دشمنی میں خود کش بمبار کی شکل اختیار کرتے جارہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں، سی پیک کو بھی عمران خان ہی بیرونی طاقتوں کے کندھوں پر بیٹھ کر خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

شیخ رشید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ’کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ‘، ایک سازش کے تحت الیکشن جیتنے والے شیخ رشید اور پنڈی کے ٹھگ سے کہوں گا کہ تم صرف عوام کوہی بے وقوف  بنا سکتے ہو۔